پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر اسحٰق ڈار نے خبردار کیا ہے کہ، پاکستان کے حوالے سے جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، جن سے عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ، بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جھوٹ پر مبنی خبریں اور فیک نیوز پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ، اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کا 2011 کا ایک پرانا ویڈیو کلپ حالیہ واقعات کے تناظر میں وائرل کیا جا رہا ہے، اسی طرح امریکی صدر ٹرمپ سے منسوب ایک کلپ بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جو بعد میں جعلی ثابت ہوا، اور وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب ویڈیو بھی جعلی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ، پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکنا ہیں، اور اگر اسرائیل نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی بھی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ، اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد پاکستان نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا اور اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بھی گفتگو کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ، پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے دفاع، علاقائی استحکام اور پرامن مقاصد کے لیے ہے، اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ اسحٰق ڈار نے زور دیا کہ، پاکستان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، نہ کہ اشتعال انگیزی یا جارحیت پر۔