بالوں کی صحت کے لیے بایوٹن کیوں اہم سمجھا جاتا ہے؟

بال گرنا، کمزور ہونا اور وقت سے پہلے سفید ہونا آج کل بہت سے لوگوں کے لیے ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق ایسی صورتحال میں بایوٹن کو بالوں کی صحت کے لیے اہم وٹامن قرار دیا جاتا ہے۔

بایوٹن، جسے وٹامن بی 7 بھی کہا جاتا ہے، جسم میں کیراٹن بنانے میں مدد دیتا ہے۔ کیراٹن وہ بنیادی پروٹین ہے جس سے بال، جلد اور ناخن بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر جسم میں بایوٹن کی کمی ہو جائے تو بال کمزور، خشک اور ٹوٹنے لگتے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بایوٹن کی کمی کی علامات میں بالوں کا زیادہ گرنا، جلد کی خشکی، ناخنوں کا ٹوٹنا اور تھکن شامل ہو سکتی ہیں۔ تاہم ماہرین اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ ہر شخص میں بال گرنے کی وجہ صرف بایوٹن کی کمی نہیں ہوتی۔

ان کے مطابق ہارمونز میں تبدیلی، ذہنی دباؤ، غیر متوازن غذا اور نیند کی کمی بھی بالوں کے مسائل کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

ماہرینِ غذاء کہتے ہیں کہ انڈے کی زردی، بادام، اخروٹ، کیلا، دودھ، مچھلی اور دالوں میں قدرتی طور پر بایوٹن پایا جاتا ہے۔ اسی طرح بازار میں بایوٹن سپلیمنٹس بھی دستیاب ہیں، لیکن ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ان کا زیادہ استعمال مناسب نہیں سمجھا جاتا۔

ماہرین کے مطابق متوازن غذا، مناسب نیند، پانی کا درست استعمال اور ذہنی سکون کے ساتھ بایوٹن کا استعمال بالوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں