97 ویں آسکر ایوارڈز میں فلم “انورا” نے سوئپ کر دیا، بہترین فلم سمیت پانچ آسکر ایوارڈ جیت لئے۔ انورا (Anora)کو بہترین فلم، بہترین ہدایت کار،بہترین خاتون اداکارہ، بہترین ایڈیٹنگ، بہترین اوریجنل فلم کی کیٹیگری میں ایوارڈ دئیے گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چار آسکر ایوارڈ ڈائریکٹر، پروڈیوسر سین بیکر کو ملے جبکہ پانچواں آسکر فلم کی مرکزی خاتون کردار ادا کرنے والی نسبتاً غیر معروف اداکارہ مائیکی میڈیسن کو ملا۔
سین بیکر آسکر کی تاریخ میں ایک ہی ایوارڈ شو میں چار آسکر جیتنے والے پہلے فرد بن گئے۔ اس سے طویل عرصہ قبل والٹ ڈزنی کو ایک آسکر ایوارڈز شو میں چار آسکر ملے تھے، مگر وہ چاروں الگ الگ فلموں پر تھے۔
مائیکی میڈیسن کو بہترین خاتون اداکارہ کا ایوارڈ ملنے پر بہت سے لوگ حیران ہوئے کیونکہ اسی کیٹیگری میں معروف اداکارہ ڈیمی مور بھی نامزد تھیں اور توقع تھی کہ ڈیمی مور میدان مار لے گی، اگرچہ بافٹا ایوارڈ مائیکی میڈیسن کو مل چکا تھا، مگر صحافی اور تجزیہ کار آسکر ایوارڈ انہیں ملنے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔
انورا فلم ایک سیکس ورکر کی کہانی ہے جسے ایک روسی طاقتور ارب پتی کے بیٹے سے محبت ہوجاتی ہے، تاہم اس کی طاقتور اور دولت مند فیملی اطلاع ملنے پر برہم ہوگئی اور سیکس ورکر کو دبانے کی کوشش کی گئی، اس جدوجہد پر بنی فلم پر صرف چند ملین ڈالر خرچ آیا ، ساٹھ لاکھ ڈالر سے بنی فلم تین چار کروڑ ڈالر کما چکی ہے اور اب پانچ آسکر ایوارڈ ملنے کا مطلب یہ ہے کہ اسے دنیا بھر میں صاحب ذوق لوگ دیکھیں گے۔ سین بیکر اور مائیکی میڈیسن راتوں رات سپرسٹآر بن گئے۔ بہترین ہدایت کار کی ٹرافی ممتاز ہدایت کار(فلم پلپ فکشن، کِل بِل، جینگو ان چینڈ،،گلوریس باسٹڑڈ فیم )ٹورٹینو نے دی۔ ٹورنٹینو ہی نے اپنی فلم ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وڈ میں مائیکی میڈیسن کو ایک مختصر کردار دے کر فلم کی دنیا میں متعارف کرایا تھا۔ اسی کردار کو دیکھ کر سین بیکر نے اسے انورا کا مرکزی کردار دیا۔ سین بیکر نے اسی حوالے سے سٹیج پر ٹورٹینو سے کہا کہ اگر آپ میڈیسن کو کاسٹ نہ کرتے تو انورا بھی آج یہاں نہ ہوتی۔