9 مئی فسادات: عادل راجہ، وجاہت سعید، صابر شاکر اور معید پیر زادہ سمیت دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قیدکی سزا

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے یوٹیوبر عادل راجا، صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر، شاہین صہبائی، اینکر پرسن حیدر رضا مہدی، تجزیہ کار معید پیرزادہ اور سابق فوجی افسر اکبر حسین کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔

جمعے کے روز ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سنایا۔ فیصلے کے مطابق عدالت نے مختلف دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید کی اضافی سزائیں بھی سنائیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد واقعات پیش آئے تھے، جن کے دوران سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق، سزا پانے والے افراد پر 9 مئی کے واقعات کے پس منظر میں ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ استغاثہ کی جانب سے اس مقدمے میں مجموعی طور پر 24 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے۔

عدالتی احکامات کے مطابق، عادل راجا، وجاہت سعید خان، شاہین صہبائی اور حیدر رضا مہدی کے خلاف ریاست کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمات درج تھے، جبکہ صابر شاکر، اکبر حسین اور معید پیرزادہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آبپارہ میں مقدمات قائم کیے گئے تھے۔

عدالت نے ملزمان کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے یا اس کی کوشش اور مجرمانہ سازش کے دو الگ الگ الزامات میں سخت عمر قید کی سزائیں سنائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ہر الزام پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں سزا میں مزید چھ ماہ قید بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں