رونالڈو کے ساتھ النصر فٹبال کلب کے معاہدے میں 2 سال کی توسیع

فٹبال کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے مشہور فٹبال کلب ‘النصر’ کے ساتھ دو سالہ نئے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کی مالی تفصیلات اور مراعات نے کھیلوں کے حلقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ یہ معاہدہ دنیا کے مہنگے ترین فٹبال معاہدوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

رونالڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر النصر کے چیئرمین، عبداللہ الماجد کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، نیا باب شروع ہو چکا ہے، وہی جذبہ، وہی ارادے، آئیں مل کر تاریخ رقم کریں۔اس تصویر میں رونالڈو نے اپنی نئی جرسی تھام رکھی ہے جس پر ‘2027’ درج ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ، وہ 2027 تک کلب کا حصہ رہیں گے۔

النصر کلب نے اپنے جاری کردہ بیان میں اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ، دو سال کی توسیع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ، رونالڈو نے 2022 میں النصر کو جوائن کیا تھا اور اب تک وہ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے 105 میچز میں 93 گول اسکور کر چکے ہیں۔ النصر سے پہلے وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور یووینٹس جیسے یورپی کلبوں میں بھی کھیل چکے ہیں۔

پرتگالی اسٹار نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 938 گول اسکور کیے ہیں اور اب وہ ایک ہزار گولز کی تاریخی منزل کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے یورو چیمپئن شپ اور یوئیفا نیشنز لیگ جیسے بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔
برطانوی اسپورٹس ویب سائٹ ‘ٹاک اسپورٹ’ کی رپورٹ کے مطابق، اس نئے معاہدے کے تحت رونالڈو کو سالانہ 178 ملین پاؤنڈز (تقریبا66 ارب پاکستانی روپے) دیے جائیں گے، جس کا مطلب ہے کہ، ان کی یومیہ آمدن 18 کروڑ روپے کے قریب ہوگی۔

اس معاہدے میں رونالڈو کے لیے کئی مالی مراعات بھی شامل ہیں۔ پہلے سال انہیں 24.5 ملین پاؤنڈز بطور سائننگ بونس ملیں گے، جو دوسرے سال بڑھ کر 38 ملین پاؤنڈز ہو جائیں گے۔ اگر النصر سعودی پرو لیگ جیتتا ہے تو رونالڈو کو 8 ملین پاؤنڈز (تقریبا28 کروڑ روپے) کا بونس ملے گا، اور اگر ایشیائی چیمپئنز لیگ جیتی گئی تو مزید 6.5 ملین پاؤنڈز (تقریبا23 کروڑ روپے) ادا کیے جائیں گے۔

اگر رونالڈو سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی یعنی ‘گولڈن بوٹ’ کا اعزاز حاصل کرتے ہیں تو انہیں 4 ملین پاؤنڈز (تقریبا14 کروڑ روپے) بطور انعام دیے جائیں گے۔ ہر گول پر انہیں 80 ہزار پاؤنڈز ملیں گے، جبکہ دوسرے سال اس میں 20 فیصد اضافہ ہوگا۔ اسی طرح، ہر اسسٹ پر بھی 40 ہزار پاؤنڈز دیے جائیں گے جن میں دوسرے سال اضافہ متوقع ہے۔

معاہدے کے تحت رونالڈو کو النصر کلب کی 15 فیصد ملکیت بھی دی گئی ہے، جس کی مالیت تقریبا33 ملین پاؤنڈز (116 کروڑ روپے) کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، انہیں 60 ملین یورو (تقریبا180 کروڑ روپے) کی اسپانسرشپ ڈیلز کی ضمانت بھی دی گئی ہے۔ ان کے نجی طیارے کے سالانہ 4 ملین یورو (تقریبا12 کروڑ روپے) کے اخراجات بھی کلب ہی برداشت کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں