ازبکستان نے فضائی آلودگی سے نمٹنے اور شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے ایک جامع منصوبے کے تحت مہینے میں دو بار “کار فری ڈے” اور “کار فری ویک” کے اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے منصوبے کے مطابق یہ اقدامات یکم مئی سے شروع ہوں گے، جن کے دوران مخصوص دنوں میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اگر یہ کار فری دن کام کے دنوں میں آئیں تو ان دنوں سرکاری گاڑیوں کے ڈرائیورز کو مکمل تنخواہ دی جائے گی تاکہ نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد شہری علاقوں میں فضائی آلودگی میں کمی لانا، عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا ہے۔
حکام کے مطابق نجی اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ شہروں میں ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔
یاد رہے کہ دنیا کے کئی بڑے شہروں میں اسی نوعیت کے اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں، جنہیں ٹریفک کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی سمجھا جاتا ہے۔