انسٹاگرام 3 ارب صارفین کے ساتھ دنیا کے بڑے پلیٹ فارمز میں شامل ہو گیا۔

انسٹاگرام نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی فہرست میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ پلیٹ فارم کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد اب 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے بعد انسٹاگرام دنیا بھر میں تیسرا ایسا سوشل میڈیا نیٹ ورک بن گیا ہے جو اس سنگ میل تک پہنچا ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انسٹاگرام نئی اپڈیٹس اور فیچرز کے ساتھ اپنے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے تبدیلیوں پر کام کر رہا ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو زیادہ انٹرایکٹو، پرکشش اور آسان نیویگیشن فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مزید وقت پلیٹ فارم پر گزاریں۔

اس سے قبل، انسٹاگرام کی ہی پیرنٹ کمپنی کی دیگر ایپس یعنی فیس بک اور واٹس ایپ بھی 3 ارب صارفین کے کلب میں شامل ہو چکی تھیں۔ انسٹاگرام نے یہ مقام فیس بک کے مقابلے میں تقریباً آٹھ ماہ بعد حاصل کیا، جو کہ خود ایک تیز رفتار ترقی کا مظہر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام کی یہ کامیابی صرف پلیٹ فارم کی مقبولیت کا اظہار نہیں، بلکہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ صارفین اب بھی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارمز میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ رجحان خاص طور پر نوجوانوں، تخلیق کاروں، اور کاروباری افراد میں نمایاں ہے، جو انسٹاگرام کو نہ صرف ایک سوشل نیٹ ورک بلکہ مارکیٹنگ، برانڈنگ اور کمیونٹی بلڈنگ کے ایک موثر ذریعہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

صارفین کی جانب سے فیچرز جیسے اسٹوریز، ریلس، انسٹاگرام شاپ، اور تھریڈز کے استعمال میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسٹاگرام مسلسل اپنے مواد کو ارتقاء دے رہا ہے تاکہ مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگ اپنی ضروریات کے مطابق پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں