امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں کی تصویر ایک مرتبہ پھر وائرل ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ ہاتھوں پر موجود نشانات کو چھپانے کے لیے میک اپ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
پچھلے کچھ عرصے کے دوران ٹرمپ کی تصاویر میں دیکھا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کے ہاتھ پر نشانات ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بار بار مصافحہ کرنے اور سپرین کے روزانہ استعمال کی وجہ سے یہ اثرات سامنے آرہے ہیں۔ نیز صدر ٹرمپ کی صحت بہترین ہے۔
صدر ٹرمپ کے سوجے ہوئے ٹخنے
وائٹ ہاؤس نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو کرونک وینس انسفیشینسی ‘سی وی آئی’ کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں ٹانگوں میں موجود خون کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے۔ جس کے نتیجے میں ٹانگوں میں سوجن ہوتی ہے۔
یہ نشانات کیوں نظر آتے ہیں؟
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسی حالت ہے جسے سینائل پرپورا کہا جاتا ہے۔ یہ بیماری عمر کے ساتھ ساتھ جلد کے پتلا ہونے کے سبب ہوتی ہے۔ نیز سورج کے جلد کو متاثر کرنے سے بھی یہ اثرات سامنے آتے ہیں۔
ایسے مریض کا ہاتھ یا بازو کسی معمولی چیز سے بھی ٹکرا جائے تو جامنی رنگت کے دھبے بن جاتے ہیں۔
تاہم یہ دھبے عام طور پر بے ضرر ہوتے ہیں اور چند ہفتوں کے دوران ختم ہوجاتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دھبے خون پتلا کرنے والی گولیوں کے استعمال سے زیادہ نمایاں ہوجاتے ہیں۔