پلی بارگین زیر سماعت ہے اور یہاں تیزی میں جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے: سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف دائر درخواست پر فوری حکم امتناع دینے کی استدعا مسترد کر دی۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ، مکمل کیس سنے بغیر حکم امتناع جاری نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ، جمعرات کو بحریہ ٹاؤن کی چھ کمرشل پراپرٹیز میں سے ایک پراپرٹی نیلام ہوئی تھی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق روبیش مارکی نامی پراپرٹی 50 کروڑ 80 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی، جو ریزرو پرائس سے دو کروڑ روپے زیادہ ہے۔

جمعے کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن کی اپیل پر سماعت کی۔ بینچ کے سربراہ نے کہا کہ، مرکزی کیس کے بجائے صرف متفرق درخواستیں سماعت کے لیے رکھی گئی ہیں اور مرکزی کیس سنے بغیر متفرق درخواستیں کیسے سنی جا سکتی ہیں۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ، مجھے رات بارہ بجے اطلاع ملی کہ، کیس مقرر ہو گیا ہے، تاہم کاز لسٹ اب تک ویب سائٹ پر جاری نہیں ہوئی۔ عدالت نے وکیل کو مزید متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت دی۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ، نیب ریفرنسز کی کاپیاں ہمارے سامنے موجود نہیں، جبکہ کیس تین نیب ریفرنسز پر مشتمل ہے، لہٰذا درخواست کے ساتھ یہ کاپیاں بھی لگائی جائیں، تاکہ اصل غبن کا پتہ چل سکے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ،تمام دستاویزات کل تک جمع کرا دی جائیں گی۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ، نیب قانون کے مطابق اگر ملزم پلی بارگین کو چیلنج کرے تو وہ غیر مؤثر ہو جاتی ہے، اور موجودہ معاملے میں ملزم پلی بارگین کو چیلنج کر چکا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ، پلی بارگین زیر سماعت ہونے کے باوجود جائیدادوں کی نیلامی جلدی میں کی جا رہی ہے۔ جسٹس نعیم اختر نے بتایا کہ، پلی بارگین کے تحت آٹھ پراپرٹیز نیب کو دی گئی تھیں، مگر ملزم کا مؤقف ہے کہ، یہ رضاکارانہ نہیں بلکہ دباؤ کے تحت تھی۔

ان کے مطابق، ملزم پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست چیئرمین نیب کو دے چکا ہے، اور اس کے بعد کیس دوبارہ ابتدائی مرحلے پر آ گیا ہے، جس میں ریفرنس پر ٹرائل ہوگا، اور اگر سزا ہوئی تو جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے کہا کہ، یہی ہمارا مؤقف ہے، ہماری پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست اور نیب ریفرنس دونوں التوا میں ہیں۔

بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت 13 اگست تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں