93 کروڑ میل کا سفر مکمل، خلا بازوں کی زمین پر بحفاظت واپسی

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر 220 روزہ سائنس مشن مکمل کرنے کے بعد دو روسی اور ایک امریکی خلا باز زمین پر بحفاظت واپس آ گئے۔ اس دوران انہوں نے زمین کے گرد 3,520 چکر لگاتے ہوئے 93.3 ملین میل (تقریباً 150 ملین کلومیٹر) کا فاصلہ طے کیا۔

روسی خلاباز الیکسی اووچینن اور ایوان ویگنر، امریکی خلا باز ڈونلڈ پیٹٹ کے ہمراہ اتوار کی صبح 6:20 بجے روسی خلائی جہاز Soyuz MS-26 کے ذریعے قازقستان کے شہر دززکازگان کے جنوب مشرقی علاقے میں زمین پر اُترے۔

لینڈنگ کے فوری بعد تینوں خلا بازوں کو طبی جانچ اور آرام کے لیے قریبی بحالی مرکز منتقل کر دیا گیا۔ ناسا اور روسی خلائی ایجنسی Roscosmos نے ان کی واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جس روز امریکی خلا باز ڈونلڈ پیٹٹ زمین پر واپس پہنچے، وہ ان کی 70ویں سالگرہ کا دن بھی تھا، جو ان کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔

ناسا کے جاری کردہ بیان کے مطابق عملہ 11 ستمبر 2024 کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچا تھا۔ اپنے قیام کے دوران انہوں نے مختلف سائنسی تجربات کیے جن میں خلا میں پودوں کی افزائش، آگ کے رویے اور واٹر سینیٹائزیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبے شامل تھے۔

تینوں خلا بازوں کا یہ مشن نہ صرف سائنسی تحقیق کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوا بلکہ زمین سے باہر زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے کی جانب بھی ایک سنگِ میل ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں