کراچی کے شہریوں کا کورونا سے متاثر ہونے کا انکشاف

کراچی میں ان دنوں نزلہ کھانسی زکام کی وبا پھیلی ہوئی ہے ، نزلہ کھانسی اور زکام سے متاثرہ 30 فیصد مریضوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔
ماہر متعدی امراض ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال پروفیسرسعید خان کا کہنا ہے ، شہر میں بڑی تعداد میں لوگ نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہورہے ہیں جن کے ٹیسٹ کروانے پر 25 سے 30 فیصد مریضوں کے کورونا سے متاثر ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔
ان کا کہنا ہے ، 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 جبکہ 5 سے 10 فیصد بچوں میں سانس کی نالی کے انفیکشن کی بھی تصدیق ہوئی ہے ۔
پروفیسر سعید خان کے مطابق کورونا، انفلوئنزا ایچ 1 این 1 اور سردیوں کے دیگر وائرل انفیکشن کی علامات ایک جیسی ہیں ، جس کی وجہ سے اکثر مریض ٹیسٹ بھی نہیں کرواتے جسکے باعث بیماریوں کی ٹھیک سے تصدیق نہیں ہوتی۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نظام شیخ کا کہنا ہے ، سول اسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 200 سے زائد مریض اور جناح اسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 150 سے 200 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں ۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں فی الوقت کورونا کے ٹیسٹ کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ، چونکہ کورونا وبا کے بعد لوگوں نے کورونا کے ٹیسٹ کروانا چھوڑ دئیے تھے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وائرل انفیکشن اور دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے ماسک پہنیں اور خود کو ڈھانپ کر رکھیں ۔ طبی ماہرین نے عوام کو ہر سال انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں