چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہی بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کمر کی تکلیف کا شکار ہو کر بیڈ ریسٹ پر چلے گئے ۔ جس کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ آسٹریلیا کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹیسٹ کے دوران کمر درد کا شکار ہوئے تھے ۔ اس سیریز میں بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب باؤلر رہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فاسٹ باؤلر کی کمر کی تکلیف کے حوالے سے رپورٹس مثبت نہیں ہیں ۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ جسپریت بمراہ کرکٹ میں واپسی کےلیے جلد بازی سے کام نہیں لیں گے ۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل بیڈریسٹ کا بھی مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے ۔ جس سے قبل بھارت انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلے گا جو 22 جنوری سے شروع ہوگی، جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے ۔