ازبکستان میں تعلیم ، تربیت اور سائنس کے شعبے میں نمایاں تبدیلی آ گئی ۔
ایجنسی برائے صدارتی تعلیمی ادارے جمہوریہ ازبکستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ازبکستان میں تعلیم ، تربیت اور سائنس کے شعبوں میں مکمل تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے ، خصوصاً ابتدائی ، عمومی ، ثانوی ، اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی اداروں کی ترقی کیلئے مربوط اور جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس حوالے سے کئی اہم حخم نامے ، قراردادیں اور پروگرام بھی منظور کئے جا رہے ہیں ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت شوکت میرزایوف کی ذاتی کاوشوں سے قائم کی گئی خصوصی تعلیم اداروں کی ایجنسی کے نظام میں اس وقت 14 صدارتی سکولز ، 9 تخلیقی سکول ، دو سپورٹس سکولز جبکہ 185 خصوصی سکول اور بورڈنگ سکولزکام کر رہے ہیں ۔ تعلیمی سال 2023-24 کے دوران صدارتی سکولوں سے 319، تخلیقی سکولز سے 263 جبکہ خصوصی سکولوں سے 5868 طلباء فارغ التحصیل ہوئے ۔ صدارتی سکولوں کے 65 فیصد گریجوایٹس (206 طلباء ) کو غیر ملکی جامعات میں داخلے کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ۔
اسی دوران ان اسکولوں کے طلباء نے 12 بین الاقوامی اور علاقائی مضمون اولمپیاڈز میں حصہ لیتے ہوئے 6 طلائی، 17 چاندی اور 34 کانسی کے تمغے بھی جیتے۔ تخلیقی اسکولوں کے تمام ادارے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ امتحانات کے نتائج کے لحاظ سے سرفہرست رہے ۔
رپورٹ کے مطابق صدارتی اسکولوں کے ایگزیکٹو اور اکادمی ڈائریکٹرز، غیر ملکی اور مقامی اساتذہ کے لیے سٹیم مضامین میں کیمبرج بین الاقوامی تعلیمی تنظیم کے 2025/2027 تعلیمی سال کے نئے پروگراموں، تدریسی طریقوں اور تجرباتی کاموں سے واقفیت کے لیے ہفتہ وار سائنسی و عملی تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ایجنسی انتظامیہ اور غیر ملکی ممالک کے وفود کے درمیان تعلیمی میدان میں تعاون پر بھی مذاکرات ہوئے۔ امریکہ کی بین الاقوامی تعلیمی تنظیمCogniaکے ساتھ گفتگو کے دوران، صدارتی، تخلیقی، خصوصی اسکولوں اور بورڈنگ اسکولوں کی سرگرمیوں کے مطالعے اور ان کی بہتری کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔