وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے ، پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کے باعث رواں ماہ مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے ، جس کے بعد مہنگائی 3 فیصد تک آگئی ہے۔
غیر ملکی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ مئی 2023 ء میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تھی جو اس ماہ کم ہو کر 3 فیصد تک آ گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف شرائط کے مطابق اصلاحات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ، پاکستان نے آئی ایم ایف کے 25ویں پروگرام کے بعد ترقی کے ماڈل پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور یہ ملک میں آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا ۔
وزیر خزانہ نے کا کہنا تھا ، پاکستان برآمدی نمو کے ماڈل کو مستحکم کرنے سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپس جانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان چینی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کیلئے بھی تیار ہے ۔ پاکستان اپنے یوآن بانڈ مارکیٹ تک رسائی حاصل کر نے اور ہانگ کانگ میں کارپوریٹ اسٹاک لسٹنگز کی بھی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہے اور رواں مالی سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کا ابتدائی اجرا متوقع ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کے بعد پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔وزیر خزانہ نے ہانگ کانگ میں پاکستانی چینی مشترکہ منصوبے کی لسٹنگ کی توقع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چینی مشترکہ منصوبے سروس لانگ مارچ کی ہانگ کانگ میں لسٹنگ بھی متوقع ہے۔