وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے بجلی ٹیرف کے تعین کیلئے سالانہ ری بیسنگ کی سمری منظور کر لی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ری بیسنگ کیلئے نیپرا کو سالانہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
ای سی سی نے ٹیرف کی ری بیسنگ کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں ، پاور ڈویژن اس حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے نیپرا سے رجوع کرے گی۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت خارجہ کیلئے 9 کروڑ روپے سے زیادہ کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی، رقم پاک فضائیہ اور پی آئی اے کو آپریشنل استعداد کار بڑھانے کیلئے دی جائے گی۔
وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں ایف سی نارتھ کی آپریشنل ضروریات کیلئے بھی 94 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ گوادر بندر گارہ کے ذریعے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو حاصل بینک گارنٹی بھی واپس لینے کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں نیشنل فوڈ سیفٹی پلانٹ ، ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے فنڈز اور اتھارٹی کےقیام کیلئے 91 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی۔
اجلاس میں اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے93 کروڑکی گرانٹ کی منظوری دی گئی ، یہ فنڈز پہلے سے منظور شدہ 3.5 ارب روپے کے فنڈز میں سے ہی فراہم کئے جائیں گے ۔