دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا انعقاد، 2027 کی صدارت ازبکستان کے سپرد

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کا 25واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت تاجکستان نے کی۔ تاجک صدر امام علی رحمان نے اجلاس میں شریک وفود کے سربراہان کا استقبال کیا۔

اجلاس کے محدود نشست میں عالمی معاشی ڈھانچے میں تبدیلیوں اور ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور حکومتی نمائندوں کے علاوہ ایس سی او کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیکبایف اور علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ڈائریکٹر اولاربیک شارشیف نے شرکت کی۔

اجلاس کے توسیعی سیشن میں منگولیا اور ترکمانستان کے حکومتی نمائندے، ایس سی او بزنس کونسل اور ایس سی او انٹربینک کنسورشیم کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ شرکا نے تجارت، معیشت، ثقافت اور انسانی بنیادوں پر تعاون کے موجودہ امور کا جائزہ لیا اور مشترکہ منصوبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کی شمولیت کے امکانات پر گفتگو کی۔

ایس سی او کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے کہا کہ ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک کا قیام کثیرالجہتی منصوبوں کی نشاندہی اور ان کی مالی معاونت کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

اجلاس کے اختتام پر رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت نے مشترکہ اعلامیے کی منظوری دی اور کثیرالجہتی تجارتی و اقتصادی تعاون کے پروگرام پر عمل درآمد سمیت صنعت، ٹرانسپورٹ اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد فیصلوں پر دستخط کیے۔ تنظیم کے 2027 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے بعد ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی صدارت تاجکستان سے ازبکستان کو منتقل کر دی گئی۔ تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کا اگلا اجلاس 2027 میں ازبکستان میں منعقد ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں