افغانستان میں طالب-ان کے وزیرِ صحت نور جلال جلالی نے ازبکستان کے اپنے ہم منصب اسیل بیک خدایا روف سے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔
افغان وزارتِ صحت کے مطابق یہ ملاقات صوبہ بلخ کے دفتر میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں طبی عملے کی تربیت، ہیموفیلیا کے مریضوں کا علاج، مریضوں کے لیے ویزا سہولت، خوراک اور ادویات کے معیار کی جانچ، اور ہسپتالوں کے لیے طبی آلات کی فراہمی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق دونوں فریقین نے صحت کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نور جلال جلالی نے ازبک کمپنیوں کو افغانستان میں ادویات سازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب طالبان ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کر رہے ہیں، خاص طور پر صحت کے شعبے میں، جہاں ادویات کی پیداوار، طبی آلات تک رسائی اور صحت کے کارکنوں کی تربیت کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔