چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی، ہواوے پاکستان کے تین لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی سی ٹی ٹریننگ فراہم کرے گی، جس سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا ،بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ، تربیت کے لیے ایک آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل بھی قائم کیا جائے گا، جس کا افتتاح وزیراعظم خود کریں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ، حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ، اس پروگرام کو تمام صوبوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک وسعت دی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہوسکیں۔
ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ، وہ پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کریں گے۔ اب تک 20 ہزار 315 طلبہ کو اس پروگرام کے تحت تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ ماسٹر ٹرینرز کی تیاری کے ذریعے مقامی سطح پر بھی تربیتی مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔