سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی خاندان کی گاڑی کو پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ چھ افراد شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب عمر باچا خاندان کے افراد عمرہ کی ادائیگی کے بعد عرفات سے مدینہ منورہ کی جانب روانہ تھے۔
حادثے کا شکار قافلہ 13 افراد پر مشتمل تھا، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ سات افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ باقی زخمیوں کو فوری طور پر سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ سعودی عرب میں آج رات ادا کی جائے گی۔ اس المناک حادثے کی خبر ملتے ہی بونیر کے علاقے ڈاگئی خدوخیل میں کہرام مچ گیا، جہاں یہ خاندان رہائش پذیر تھا۔ مقامی افراد اور رشتہ دار گہرے دکھ اور صدمے میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ عمر باچا خاندان کے افراد 11 روز قبل عمرہ کی غرض سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت مذہبی امور نے بھی حج 2025 کے دوران 18 پاکستانی حاجیوں کے انتقال کی تصدیق کی تھی، جن میں اکثریت بزرگوں کی تھی اور ان کی موت کی وجوہات میں دل کے دورے اور صحت کے دیگر مسائل شامل تھے۔ ان تمام افراد کو جنت البقیع میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔ وزارت کے مطابق رواں سال اموات کی شرح گزشتہ سال 2024 کے مقابلے میں کم رہی، جب 35 پاکستانی حاجیوں نے دورانِ حج جان کی بازی ہاری تھی۔
حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے لیے دُعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے ملک بھر سے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔