امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کانگریس سے پہلے اور طویل ترین خطاب میں، ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ انتہا پسند دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کا ایک بڑا ذمہ دار پکڑا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے 2021 میں کابل ایئرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، اس دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا شکر گزار ہوں۔ ساڑھے تین سال پہلے داعش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا، اور اب یہ شخص امریکہ لایا جا رہا ہے تاکہ قانون کا سامنا کرے۔ اس موقع پر امریکی صدر نے افغانستان سے انخلا کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔