‘یہ فلم بھارتی سینما کا فخر بنے گی’، یَش کی فلم ‘ٹاکسِک’ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر

بھارتی اداکار یَش کی فلم ٹاکسِک کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی ہے ۔ فلم کی ریلیز تاریخ 4 جون رکھی گئی تھی تاہم اب یہ فلم اس تاریخ کو ریلیز نہیں کی جائے گی۔

اداکار نے سوشک میڈیا پر جاری بیان میں اس تاخیر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم مکمل ہو چکی ہے، تاہم اسے عالمی سطح پر بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے ریلیز کے شیڈول میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی عالمی تقسیم اور شراکت داری کے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے بعد اسے ایک نئی اور عالمی سطح پر ہم آہنگ تاریخ پر پیش کیا جائے گا۔

یَش کا کہنا تھا کہ یہ فلم ان کے لیے ایک خاص سفر رہی ہے اور اسے دنیا بھر میں بھرپور انداز میں پیش کرنا ضروری ہے، اس لیے کچھ مزید وقت لیا جا رہا ہے تاکہ فلم کو اس کے مکمل اثر کے ساتھ پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انتظار رائیگاں نہیں جائے گا اور فلم شائقین کے لیے یادگار ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم بھارتی سینما کا فخر بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ فلم اس سے قبل بھی تاخیر کا شکار ہو چکی ہے۔ ہدایت کار گیتھو موہن داس کی اس فلم کو ابتدا میں 19 مارچ کو ریلیز کیا جانا تھا، جس کے بعد اسے 4 جون تک مؤخر کیا گیا، تاہم اب اسے دوبارہ آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

فلم کی ایک جھلک حال ہی میں لاس ویگاس میں ہونے والے سینما کون 2026 میں بھی پیش کی گئی، جہاں اسے عالمی سطح پر مثبت ردعمل ملا۔

فلم کی کہانی ایک گینگسٹر کردار کے گرد گھومتی ہے جس میں نفسیاتی پہلوؤں اور انسانی رویوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم میں نیانتھارا، ہما قریشی ، تارا ستاریا، کیارا آڈوانی اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں