بنگلہ دیش نے عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تیز تر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے جوہری طاقت رکھنے والے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں۔
اقوام متحدہ میں جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کے گیارہویں جائزہ اجلاس کے دروان بنگلادیش کے مندوب نے یہ مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ میں بنگلہ دیش کے مستقل مندوب صلاح الدین نعمان چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کو آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا خواب ابھی تک پورا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کا مسلسل پھیلاؤ عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور یہ دنیا بھر میں ترقی کے اہداف کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے اصولی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش ہمیشہ جوہری اور روایتی دونوں طرح کے ہتھیاروں کے خاتمے کی حمایت کرتا رہا ہے اور جوہری ہتھیار رکھنے والے خطے میں ہونے کے باوجود خود کو رضاکارانہ طور پر غیر جوہری رکھا ہے۔
مندوب نے جوہری طاقت رکھنے والے ممالک پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی متعلقہ شق کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں اور اس طرح کے معاہدوں کو عالمی سطح پر عام کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ بنگلہ دیش بات چیت، اعتماد سازی اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ایک محفوظ اور جوہری خطرات سے پاک دنیا کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔