بھارت کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ریلائنس جیو اور اس کی حریف کمپنی بھارتی ایئر ٹیل نے ایلون مسک کی کمپنی ’اسپیس ایکس‘ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ معاہدے کیے ہیں۔ جس کا مقصد ’اسٹار لنک‘ کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز بھارتی شہریوں کو فراہم کرنا ہے۔
ٹیلی کام ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی کے ساتھ معاہدوں پر عمل ہونے کی صورت میں بھارت کے دور دراز علاقوں میں بھی ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی ‘اسٹار لنک’ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرتی ہے اور یہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔ اسٹار لنک کے پاس ’لو ارتھ آربٹ‘یعنی زمین کے نچلے مدار میں ہزاروں سیٹلائٹ ہیں۔’لو ارتھ آربٹ‘ میں سیٹلائٹ کے ہونے کی وجہ سے تیز رفتار کنکٹی وٹی میں آسانی ہوتی ہے۔ صرف مکان کی چھت پر ایک اینٹینا نصب کرنے کی ضرورت ہوگی۔
بھارت کی بہت بڑی آبادی اب تک انٹرنیٹ کی سہولتوں سے محروم ہے۔ماہرین کے مطابق اسٹار لنک کی سروسز کے بعد انٹرنیٹ سے محروم علاقوں اور ایسے علاقے جہاں فائبر آپٹکس بچھانا ممکن نہیں، وہاں انٹرنیٹ سروسز پہنچانا ممکن ہو جائے گا۔