خبر آئی ہے کہ بلور خاندان کی بہو اور ہارون بشیر بلور کی بیوہ ثمر ہارون بلور نے اے این پی چھوڑ کر مسلم لیگ ن جوائن کر لی ہے۔ ثمر ہارون بلور اے این پی کے ممتاز رہنما غلام احمد بلور کے بھائی بشیر بلور کی بہو تھیں، اپنے خاوند ہارون بشیر بلور کی دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں خود کش دھماکے سے ہلاکت کے بعد ثمر بلور نے اے این پی کے ٹکٹ الیکشن لڑا اور رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
ثمر ہارون بلور کے والد کراچی کے معروف سیاستدان عرفان اللہ مروت ہیں، وہ وہاں الیکشن لڑتے رہے اور پنجابی پختون اتحاد سے ان کا تعلق رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق صدر غلام اسحاق خان ثمر ہارون بلور کے نانا تھے ۔ کہا جا رہا ہے کہ ثمر ہارون بشیر بلور اے این پی کی حالیہ سیاست سے خاصی ناخوش اور متنفر ہوچکی تھیں۔ اب انہوں نے اے این پی چھوڑ کر ن لیگ جوائن کر لی۔
یاد رہے کہ بلور فیملی کا کئی عشروں تک اے این پی سے تعلق رہا ہے، بلور خاندان میں ایک سے زیادہ لوگ اے این پی کی سیاست کی وجہ سے ٹی ٹی پی کی شدت پسند دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، تاہم بلور خاندان کی نئی نسل اب اے این پی کے پلیٹ فارم سے سیاست کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔
ثمر ہارون بلور بھی پشاور میں اپنا گھر فروخت کر کے اسلام آباد منتقل ہوگئی تھیں، بزرگ رہنما غلام احمد بلور بھی سیاست سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر کے پشاور سے اسلام آباد شفٹ ہوگئے تھے۔ غلام بلور کا اکلوتا پوتا سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتا، اب غلام بلور کے مرحوم بھائی بشیر بلور کی بہو بھی اے این پی چھوڑ گئی جبکہ غلام بلور کے ایک اور بھائی سابق سینٹر الیاس بلور مرحوم کے بیٹے غضنفر بلور سیاست کر ر ہے ہیں، مگر وہ بھی اے این پی چھوڑ کر تحریک انصآف میں شامل ہوگئے تھے۔