بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے پہلی بار کسی پوڈکاسٹ میں شرکت کی ہے ، انہوں نے اپنے پہلے پوڈ کاسٹ میں کامیاب زندگی، محنت اور کامیابی کے اصولوں پر کھل کر گفتگو کی۔
سلمان خان اپنے بھانجے ارہان خان کے یوٹیوب چینل "ڈم بریانی” پر پہلی بار کسی پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے ۔ جہاں انہوں نے کئی موضوعات پر بے باک رائے دی ۔ انہوں نے "موٹیویشنل ٹاکس” کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اسے فضول قرار دے دیا۔ان کا کہنا تھا موٹیویشنل لیکچرز کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ، سیکھنے کی لگن ہو تو دیوار یا درخت سے بھی سیکھا جا سکتا ہے۔
اداکار سلمان خان کا کہنا تھا ، ” سیکھنے کی طلب ہو تو کسی درخت یا دیوار سے بھی سیکھا جا سکتا ہے ۔ آپ کو اپنے استاد کی بات سننی چاہیے، لیکن وہ استاد گوگل یا یوٹیوب بھی ہو سکتا ہے۔ اصل چیز تو ڈسپلن ہے۔”
اداکار کا کہنا تھا ، لوگ جم جانے یا کچھ نیا سیکھنے میں بہانے بناتے ہیں ، یہ سب مشکل اور تکلیف دہ ضرور ہوتا ہے لیکن ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ "مجھے موٹیویشن کی بکواس بالکل پسند نہیں۔ دانت برش کرو اور باہر نکلو۔ کوئی بھی جم جانا یا کچھ نیا سیکھنا پسند نہیں کرتا، کیونکہ یہ سب مشکل ہوتا ہے۔ لیکن خود کو اس کام پر مجبور کرنا پڑتا ہے اور پھر اس میں مہارت حاصل کرنا ہوتی ہے، جوش و خروش نہ کھونے دیں نہیں تو عمر سے پہلے ہی بوڑھے ہو جائیں گے ۔ "
اداکار کا کہنا تھا ،’’ہم بچپن میں کھیلتے تھے اور تھک کر ہانپنے لگتے تھے، لیکن پھر بھی ہمارے چہروں پر تھکن نہیں ہوتی تھی بلکہ ہم دوبارہ کھیلنے کیلئے تیار ہوتے تھے ، آج کل لوگ تھوڑی محنت کے بعد سست پڑ جاتے ہیں ۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔”
سلمان خان نے اپنی نیند کی عادات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا سونے کا کوئی خاص وقت مقرر نہیں ،وہ زیادہ تر دو گھنٹے ہی سوتے ہیں ، مہینے میں کوئی ایک دن ایسا بھی آتا ہے کہ 7-8 گھنٹے کی نیند پوری ہو جائے۔
اداکار کا کہنا تھا ، شوٹنگ کے دوران چند منٹ کا وقفہ مل جائے تو بھی نیند لے لیتے ہیں۔ جب میرے پاس کرنے کو کچھ نہ ہو، تبھی میں سوتا ہوں۔ اس لیے جیل میں میں نے خوب نیند پوری کی۔”
سلمان خان کا کہان تھا ، کامیاب لوگ اکثر اپنی کامیابی کا مکمل کریڈٹ خود لیتے ہیں، جو کہ غلط ہے،آپ اپنی ناکامیوں کی مکمل ذمہ داری لے سکتے ہیں، لیکن کامیابی کبھی صرف ایک شخص کی نہیں ہوتی۔ اگر آپ اسے اپنے سر پر سوار کر لیں، تو آپ خود کو تباہ کر لیں گے۔”