’’میری فلم ‘ماتربھومی’ چین مخالف نہیں، اس کے اسکرپٹ میں تبدیلی اور حکومتی دباؤ کی خبریں بے بنیاد ہیں‘‘: سلمان خان، بھارتی اداکار

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنی نئی جنگی فلم ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم چین مخالف نہیں اور نہ ہی حکومت کے دباؤ پر اس کے اسکرپٹ میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق فلم دونوں ممالک کے فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی مشکلات اور قربانیوں پر مبنی ہے۔

فلم کے ٹریلر کی رونمائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ یہ کسی شخصیت کی سوانح عمری نہیں بلکہ دو ملکوں کے فوجیوں کے درمیان جنگی حالات اور انسانی زندگیوں پر اس کے اثرات کی کہانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں چینی اور بھارتی فوجی دونوں دکھائے گئے ہیں اور اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف منفی جذبات پیدا کرنا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ فلم سے بھارت اور چین کے تعلقات خراب ہوں گے۔

اسکرپٹ میں تبدیلی اور حکومتی دباؤ سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ یہ تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق فلم بنانے والوں پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا اور نہ ہی کہانی کو سیاسی مقاصد کے تحت تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کو سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) اور دیگر متعلقہ اداروں نے بغیر کسی کٹ کے منظوری دی ہے۔

فلم کی ریلیز میں تاخیر کی وجوہات بتاتے ہوئے اداکار نے کہا کہ اس میں ویژول ایفیکٹس (VFX) پر کافی کام باقی تھا اور ٹیم چاہتی تھی کہ فلم بڑے پردے پر بہترین انداز میں پیش کی جائے۔ اس کے علاوہ فلم کی مرکزی اداکارہ چترانگدا سنگھ زخمی ہوگئی تھیں، جس کے باعث شوٹنگ کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور انہیں فزیوتھراپی کے لیے وقت درکار تھا۔

سلمان خان کے مطابق فلم ابتدا میں جنوری یا جون میں ریلیز کرنے کا منصوبہ تھا، بعد میں تاریخ اگست اور پھر 20 نومبر مقرر کی گئی، تاہم اب فلم 4 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بار بار ریلیز کی تاریخ تبدیل ہونے سے فلم کے حوالے سے شائقین کی دلچسپی کم ہونے کا خدشہ تھا، لیکن ان کی ترجیح فلم کو بہترین معیار کے ساتھ پیش کرنا ہے۔

واضح رہے کہ فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گلوان ویلی‘ رکھا گیا تھا، جسے بعد میں تبدیل کرکے ’ماتربھومی‘ کر دیا گیا۔ فلم 2020ء اور 2021ء کے دوران بھارت اور چین کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ سلمان خان کا کہنا ہے کہ فلم کے بجٹ سے زیادہ ان کے لیے اہم بات یہ ہے کہ آخری نتیجہ شائقین کی توقعات پر پورا اترے۔

اپنا تبصرہ لکھیں