پاکستان: پی او آر کارڈ ہولڈرز افغان مہاجرین کے انخلا کے خلاف درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کے انخلا کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ 30 جون تک افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا تھا اور اس تاریخ کے بعد انہیں کسی قسم کی قانونی تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے دائر اس درخواست پر سنایا گیا، جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کو ملک سے بے دخل نہ کیا جائے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے حکومتی پالیسی پر عمل درآمد روکنے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس انعام امین منہاس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت کی پالیسی میں عدالت مداخلت نہیں کرے گی کیونکہ افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کا کوئی نیا معاہدہ موجود نہیں اور 30 جون کے بعد انہیں کوئی پروٹیکشن حاصل نہیں۔

عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی ہے۔
یاد رہے کہ 4 جولائی کو وزارت سیفران نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام اداروں کو افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پی او آر کارڈز کی مدت میں توسیع زیر غور ہے اور حتمی فیصلے تک کسی قسم کی کارروائی نہ کی جائے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ، چیف سیکریٹریز اور انسپکٹر جنرلز پولیس کو بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں