وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، معاشی تعاون کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس دورے میں وزیراعظم کے ساتھ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر اسحاق ڈار سمیت دیگر اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد اور وزیراعظم، محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں باہمی تجارت کو فروغ دینے، اہم شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں رہنما ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جن میں خاص طور پر غزہ کی صورت حال، مشرق وسطیٰ میں بدلتے حالات اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سرفہرست ہوں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مزید معاہدے طے پائیں گے۔