پاکستانی باکسر عثمان وزیر کی 19ویں مسلسل فتح، عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن گولڈ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی

پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر آری اگستیان کو شکست دے کر اپنی 19ویں بین الاقوامی عالمی درجہ بندی کی فائٹ جیت لی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن کے گولڈ ٹائٹل کے مقابلے کے لیے بھی کوالیفائی کر گئے ہیں۔

مقابلہ تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں ایف ایف سی ایرینا میں ہوا۔ عثمان وزیر نے انڈونیشین حریف کو شکست دے کر اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا ناقابلِ شکست ریکارڈ 19-0 تک پہنچا دیا۔

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر نے کامیابی پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اہلکاروں اور صوبے میں د-ہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران جانیں قربان کرنے والوں کے نام کی۔ انہوں نے پاکستان آرمی کی جانب سے اپنے کیریئر میں ملنے والے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

عثمان وزیر کا کہنا ہے کہ عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن کے گولڈ ٹائٹل کے لیے ان کے آئندہ مقابلے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی توجہ پاکستان کے لیے اپنی 20ویں بین الاقوامی فتح حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔

اس سے قبل عثمان وزیر نے اپنی 18ویں پیشہ ورانہ فائٹ میں بھارتی باکسر بلجیت سنگھ کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست دی تھی۔ آری اگستیان کے خلاف تازہ کامیابی کے بعد پاکستانی باکسر نے اپنے ناقابلِ شکست سلسلے کو مزید آگے بڑھایا ہے۔

عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن کا گولڈ ٹائٹل پیشہ ورانہ باکسنگ میں اہم اعزازات میں شمار ہوتا ہے اور عثمان وزیر کے لیے اس مقابلے میں جگہ بنانا ان کے بین الاقوامی کیریئر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں