امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ قیادت بورڈ آف پیس نے غ-زہ میں ابتدائی بحالی اور تعمیر نو کے لیے 2.45 ارب ڈالر کے چھ ماہ کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر پیش کیے گئے منصوبے میں مجموعی طور پر 66 پروگرام شامل ہیں، جن کا مقصد بنیادی سہولیات بحال کرنا اور تعمیر نو کا ابتدائی عمل شروع کرنا ہے۔
منصوبے میں عارضی رہائش، ملبہ ہٹانے، اسپتالوں کی مرمت، بجلی اور پانی کی بحالی، سڑکوں اور سرحدی گزرگاہوں کی مرمت سمیت مختلف اقدامات شامل ہیں۔ منصوبے کا تقریباً ایک ارب ڈالر انفراسٹرکچر پر خرچ کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ہزاروں پورٹیبل سولر پاور کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔
تاہم منصوبے کے لیے مطلوبہ رقم ابھی مکمل طور پر دستیاب نہیں۔ بورڈ آف پیس کے چیف فنانشل افسر کے مطابق مختلف ممالک اور عطیہ دہندگان کی جانب سے تقریباً 18 ارب ڈالر کی مالی معاونت کے وعدے موجود ہیں، لیکن اب تک صرف 280 ملین ڈالر طلب یا منتقل کیے گئے ہیں۔ بورڈ نے آئندہ مرحلے کے لیے مزید مالی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
غ-زہ کی مکمل بحالی اس ابتدائی منصوبے سے کہیں بڑا کام ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی بینک کے مشترکہ جائزے کے مطابق آئندہ ایک دہائی میں غ-زہ کی تعمیر نو اور بحالی پر تقریباً 71.4 ارب ڈالر درکار ہوں گے، جبکہ پہلے 18 ماہ میں بنیادی سہولیات اور اہم انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 26.3 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔
ٹرمپ کے داماد اور بورڈ کے غ-زہ ایگزیکٹو بورڈ کے رکن جیرڈ کشنر نے تسلیم کیا کہ منصوبے کے مختلف حصوں میں تاخیر ہوئی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ بورڈ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف نے بھی کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کچھ پیش رفت ہوئی ہے، لیکن سکیورٹی، انتظامی ڈھانچے اور ا-سرائیلی و فل-سطینی فریقوں کے درمیان اتفاق جیسے مسائل اب بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔
غ-زہ میں جنگ بندی کے باوجود جانی نقصان کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رکا۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور نے 18 ستمبر کی رپورٹ میں غ-زہ کی وزارتِ صحت کے حوالے سے جنگ بندی کے بعد 1,381 اموات رپورٹ کی تھیں، جبکہ وزارتِ صحت کے 20 ستمبر کے اعداد میں یہ تعداد 1,393 تک پہنچ چکی تھی۔ یونیسف کے مطابق جنگ بندی کے پہلے تقریباً 300 دنوں میں کم از کم 300 بچے بھی ہلاک ہوئے۔
تعمیر نو کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے صرف فنڈنگ کافی نہیں ہوگی۔ اقوام متحدہ کے مطابق پائیدار جنگ بندی، امدادی سامان کی بلا رکاوٹ رسائی، لوگوں اور تعمیراتی مواد کی آزادانہ نقل و حرکت، محفوظ ماحول اور واضح انتظامی نظام بھی غ-زہ کی بحالی کے لیے بنیادی شرائط ہیں۔