پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے اپنے کیریئر میں پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی20 انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں ابرار 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر ون بن گئے، جبکہ افغانستان کے راشد خان ایک پوائنٹ پیچھے رہ کر دوسری پوزیشن پر چلے گئے۔
آئی سی سی کے مطابق راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے ٹی20 بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھے، تاہم بھارت کے خلاف حالیہ میچ کے بعد ان کی ریٹنگ میں کمی آئی اور ابرار احمد نے پہلی پوزیشن سنبھال لی۔
28 سالہ ابرار احمد ٹی20 انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی اس فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون بولر رہ چکے ہیں۔
ابرار احمد پاکستان کے لیے اب تک 10 ٹیسٹ، 19 ون ڈے اور 38 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 133 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ون ڈے بولنگ رینکنگ میں بھی وہ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جہاں راشد خان پہلے نمبر پر ہیں۔
رواں سال ابرار نے پاکستان کے لیے 9 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں انہوں نے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ پاکستان نے وہ سیریز 3-0 سے اپنے نام کی تھی۔
ابرار احمد نے عالمی نمبر ون بننے کو اپنے کیریئر کا اہم ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کے بعد ان کا اگلا خواب دنیا کا نمبر ون بولر بننا تھا۔ ان کے مطابق بولنگ میں تسلسل بہتر بنانے کے لیے کی گئی محنت نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔