آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان پاکستان کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے پر آئی سی سی سے باضابطہ وضاحت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد منعقدہ ٹرافی اور ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بینی، بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے نمائندے راجر ٹوز موجود تھے، مگر حیران کن طور پر میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی بھی نمائندہ اس تقریب میں شامل نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید دبئی میں موجود تھے، اور پی سی بی نے پہلے ہی آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ فائنل کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے، کیونکہ چیئرمین محسن نقوی فائنل میں شریک نہیں ہو سکتے تھے۔ اس کے باوجود، آئی سی سی نے انہیں اسٹیج پر مدعو نہیں کیا، جس پر پی سی بی حکام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھیں گے اور وضاحت طلب کریں گے کہ میزبان ملک کو اختتامی تقریب میں کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ ماضی میں ہمیشہ میزبان ملک کی اسٹیج پر نمائندگی یقینی بنائی جاتی رہی ہے، لیکن اس بار دبئی میں اس روایت کی پاسداری نہیں کی گئی، جس پر کرکٹ شائقین نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
اختتامی تقریب میں اسٹیج پر کس کو مدعو کرنا ہے، اس کا فیصلہ مکمل طور پر آئی سی سی کرتا ہے، مگر پی سی بی کا مؤقف ہے کہ میزبان ملک کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے اور اس پر وضاحت ضروری ہے۔