وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، جو قوم کے وسیع تر اتحاد کا مظہر تھا۔
وہ انٹرن شپ پروگرام ’اڑان پاکستان سمر سکالرز‘ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں تھا، تاہم اس کے باوجود پاکستان پر جارحیت کی گئی، جس کے نتیجے میں 55 بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اب ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے۔ حکومت نے نہایت مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا، 2023 میں عمومی تاثر تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، لیکن انہیں یقین تھا کہ ایسا نہیں ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب موجودہ حکومت آئی تو مہنگائی کی شرح 38 فیصد اور پالیسی ریٹ 22 فیصد تک پہنچ چکا تھا، تاہم اب یہ کم ہو کر 11 فیصد تک آ گیا ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پا گئے اور ملک ڈیفالٹ سے محفوظ رہا۔