پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ’گریٹر اسرائیل‘ سے متعلق بیان کی سخت مذمت کرتا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس سے پیر کے روز خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 31 عرب ممالک اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرلز کے اس اعلامیے کی توثیق کرتا ہے جس میں ’گریٹر اسرائیل‘ کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ان کا یہ بیان عرب ممالک کی سلامتی، ریاستوں کی خودمختاری، خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے کھلا خطرہ ہے۔’
اسحاق ڈار نے کہا کہ، غزہ معصوم جانوں اور عالمی قوانین کا قبرستان بن چکا ہے۔ ہم تماشائی بن کر خاموش نہیں رہ سکتے۔ تاریخ ہمارے الفاظ نہیں بلکہ اقدامات یاد رکھے گی۔ فلسطینی عوام کو محض بیانات نہیں بلکہ اسرائیلی قبضے سے آزادی اور مصائب سے نجات کے لیے عملی اقدامات درکار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کا خواہاں ہے اور او آئی سی کو اس صورتحال میں بھرپور عزم کے ساتھ فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔