میرپور خاص (ابو صفدر سنجرانی) سندھ کے ضلع میرپور خاص کے دیہی علاقوں میں آن لائن فراڈ اور لوٹ مار میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف پولیس نے بالآخر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، گزشتہ دو سالوں میں درج 286 مقدمات میں ملوث 34 سے زائد ملزمان کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے، جن میں سے ابتدائی کارروائی میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی میرپور خاص، سمیر نور چنہ کے مطابق گینگ ٹنڈو جان محمد ٹاؤن اور قریبی گاؤں بچل چانڈیو سے سرگرم تھا، جو سستی گاڑیاں اور مویشی فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو اپنے علاقے بلاتے اور انہیں لوٹ لیتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں ملزمان کے گھروں اور اوطاقوں کو مسمار کر دیا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ اس کارروائی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ بعض پولیس اہلکار اس گینگ کی پشت پناہی کر رہے تھے۔ اس سلسلے میں ٹنڈو جان محمد تھانے کے ایس ایچ او کو معطل اور ایک اہلکار کو، جو ملزمان کو معلومات فراہم کرتا تھا، ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، درجنوں متاثرین کی جانب سے شکایات درج کرانے کے بعد اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ ابتدائی طور پر چار گرفتار ملزمان سے متاثرین کو 80 لاکھ روپے کی رقم واپس دلوا دی گئی ہے، جبکہ مزید 21 نئے مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ٹنڈو جان محمد تھانے کے مکمل عملے کو تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے جرائم کو روکا جا سکے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں، جو سندھ میں جاری آن لائن فراڈ کے سلسلے کو بے نقاب کر سکتے ہیں۔