پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شمالی وزیرستان میں ماڑی انرجیز لیمیٹڈ نے تیل اور گیس کے مزید ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو کہ ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصے میں کمپنی کی تیسری بڑی دریافت ہے۔ اس تازہ کامیابی کے ساتھ، وزیرستان بلاک میں توانائی کے قیمتی وسائل کی دریافت میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، نئی دریافت سے یومیہ 2 کروڑ 38 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 122 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ دریافت ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے، جو نہ صرف توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ہوگی، بلکہ معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔
یہ دریافت وزیرستان بلاک میں ماڑی انرجیز کی جانب سے کی جانے والی مسلسل کامیاب کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل، مارچ 2025 میں بھی کمپنی نے اسی بلاک سے گیس اور تیل کے ذخائر دریافت کیے تھے، جن سے اندازاً یومیہ 2 کروڑ 5 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 117 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
مزید برآں، فروری 2025 میں ماڑی انرجیز نے وزیرستان بلاک سے پہلی کامیاب دریافت کی تھی، جس میں تخمینہ لگایا گیا تھا کہ، وہاں سے یومیہ 1 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 20 بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔
یہ مسلسل دریافتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ، شمالی وزیرستان میں توانائی کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جو ملکی معیشت کو استحکام دینے کے ساتھ ساتھ توانائی کی خود کفالت کے سفر میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔