سمندری سفر کی دنیا میں ایک نیا دلچسپ اور منفرد عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں مشہور بحری جہاز ساز کمپنی ایم ایس سی کروزز (MSC Cruises) نے 1,391 لیگو کشتیوں کو ترتیب دے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یہ ریکارڈ کمپنی کے نئے اور جدید ترین کروز "ایم ایس سی ورلڈ امیریکا” کی لانچنگ کی تقریب کے موقع پر قائم کیا گیا، جس کے دوران ڈیک پر لیگو کے بحری جہازوں کی سب سے طویل لائن کھڑی کی گئی۔
یہ یادگار لمحہ فرانس کے سینٹ نزیر شپ یارڈ سے شروع ہو کر امریکہ کے شہر میامی تک کے سفر کے دوران منایا گیا۔ اس منفرد کامیابی میں تقریباً 1,500 افراد پر مشتمل عملے نے حصہ لیا، جنہوں نے لیگو کے ٹکڑوں کو جوڑ کر 292 فٹ لمبی رنگ برنگی اور جاذبِ نظر کشتیوں کی قطار بنائی۔
اس ریکارڈ کی سرکاری تصدیق کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ایک نمائندہ بھی جہاز کے ڈیک پر موجود تھا، جس نے تمام مراحل کا مشاہدہ کیا اور بعد ازاں اسے دنیا کی طویل ترین لیگو کشتیوں کی لائن کا درجہ دے دیا۔
ایم ایس سی کروزز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ: "یہ صرف ایک ریکارڈ نہیں، بلکہ ٹیم ورک، تخلیقی صلاحیت اور سمندری ثقافت کے جشن کی علامت ہے۔”