امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون نے یو ایف اوز یعنی نامعلوم اڑنے والی اشیاء سے متعلق 28 ویڈیوز اور متعدد خفیہ فائلیں جاری کر دی ہیں، جس کے بعد دنیا بھر میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
یہ ویڈیوز امریکی فوجی طیاروں اور نگرانی کے نظام سے حاصل کی گئی ہیں، جن میں آسمان پر تیزی سے حرکت کرتی پراسرار اشیاء اور غیر معمولی مناظر دکھائی دیتے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان ویڈیوز کو عوام کے سامنے لانے کا مقصد شفافیت بڑھانا اور برسوں سے جاری سوالات کے جواب دینا ہے۔
ماہرین کے مطابق یو ایف اوز سے مراد ایسی اڑنے والی اشیاء ہوتی ہیں جن کی فوری طور پر شناخت ممکن نہ ہو۔ تاہم امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اب تک کسی خلائی مخلوق کے وجود کا حتمی ثبوت نہیں ملا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ بعض حلقے اسے ایک بڑا انکشاف قرار دے رہے ہیں جبکہ ناقدین کے مطابق یہ اقدام عوام کی توجہ اہم سیاسی اور عالمی مسائل سے ہٹانے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر جاری کی گئی ان ویڈیوز نے ایک بار پھر دنیا بھر میں یو ایف اوز کے موضوع کو خبروں کا مرکز بنا دیا ہے۔