بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک نایاب سفید بھینس سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہے، جسے لوگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ قرار دے رہے ہیں۔
تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینس کو دارالحکومت ڈھاکا کے قریب نارائن گنج کے ایک فارم میں پالا گیا ہے۔ اس کے ماتھے پر موجود سنہرے بالوں کی لٹ کی وجہ سے اس کا نام “ڈونلڈ ٹرمپ” رکھ دیا گیا، کیونکہ لوگوں کے مطابق اس کے بال امریکی صدر کے مخصوص ہیئر اسٹائل سے ملتے جلتے ہیں۔
عیدالاضحیٰ سے پہلے روزانہ درجنوں افراد اس بھینس کو دیکھنے فارم پہنچ رہے ہیں، جبکہ کئی لوگ دور دراز علاقوں سے صرف اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے آتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی شہرت مزید بڑھ گئی ہے۔
فارم کے مالک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ میرے چھوٹے بھائی نے اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھا کیونکہ اس کے ماتھے کے بال ٹرمپ سے مشابہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفرد شکل کے باوجود یہ بھینس انتہائی نرم مزاج ہے۔
مالک کے مطابق بھینس کی خصوصی دیکھ بھال کی جا رہی تھی، جس میں دن میں چار بار نہلانا اور چار وقت خوراک دینا شامل تھا تاکہ عید سے پہلے اسے اچھی حالت میں رکھا جا سکے۔
بنگلہ دیش میں البینو بھینسیں بہت کم پائی جاتی ہیں، کیونکہ وہاں زیادہ تر بھینسوں کی رنگت سیاہ ہوتی ہے۔ اس بھینس کا کریم رنگ جسم، گلابی ناک اور لمبے سنہرے بال اسے دیگر جانوروں سے منفرد بناتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر غیرمعمولی یا منفرد جانور سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہے ہیں، جنہیں اکثر مشہور شخصیات کے نام دیے جاتے ہیں تاکہ خریداروں اور لوگوں کی توجہ حاصل کی جا سکے۔