پاکستان: آج پنجاب بھر میں بارشوں سےجڑے حادثات میں 28 افراد جاں بحق

ریسکیو پنجاب کا کہنا ہے کہ، بدھ کے روز صوبے بھر میں آندھی اور بارش سے جڑے مختلف حادثات میں اب تک 28 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 90 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، شدید زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ بیان کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 12 افراد کا تعلق لاہور، آٹھ کا فیصل آباد، تین کا شیخوپورہ، دو کا اوکاڑہ، جبکہ پاکپتن، ننکانہ صاحب اور ساہیوال سے ایک ایک فرد شامل ہے۔

یہ اموات اس وقت سامنے آئی ہیں جب ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر چکا ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اطلاع دی تھی کہ، 26 جون سے 14 جولائی کے دوران ملک بھر میں بارشوں کے باعث 111 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 53 بچے اور 19 خواتین شامل ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 15 سے 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے پیش نظر مزید خطرات سے خبردار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، مری، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ، شدید بارشوں کی وجہ سے اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، تونسہ، بہاولپور اور پشاور سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے آمدورفت متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں