بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث ہلاک ہونے والے افرادکی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔
صوبائی ادارہ برائے قدرتی آفات (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، ہلاک شدگان میں سات بچے، پانچ مرد اور چار خواتین شامل ہیں، جبکہ اموات کا سلسلہ صوبے کے سات اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، زیارت، لسبیلہ اور خضدار میں پیش آیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ، ان بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں 58 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 11 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ بارشوں کے اثرات نہ صرف رہائشی علاقوں تک محدود رہے، بلکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ کئی علاقوں میں ٹیوب ویلز پر نصب شمسی توانائی کے پینلز کو بھی نقصان پہنچا ہے، جن کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
ادھر بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، ضلع صحبت پور بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انھوں نے پی ڈی ایم اے اور دیگر امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ، صحبت پور میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں، تاکہ متاثرہ لوگوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔