بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ، وائٹ بال کرکٹ جاری رکھنے کا اعلان

بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے 13 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم وہ ون ڈے اور ٹی 20 سمیت وائٹ بال کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ 36 سالہ شامی نے جمعے کو سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق محمد شامی نے 2013ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے 64 ٹیسٹ میچوں کے دوران 229 وکٹیں حاصل کیں۔ شامی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی ٹیسٹ ڈیبیو کی 13ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔

اپنے پیغام میں شامی نے کہا کہ وہ اپنے 13 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کے سفر کو یہیں ختم کر رہے ہیں، تاہم محدود اوورز کی کرکٹ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر ملٹی ڈے کرکٹ بھی کھیلیں گے۔

شامی نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2023ء میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیلا تھا۔ بعد ازاں وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے رہے، تاہم انجریز اور فٹنس کے مسائل کے باعث ان کی قومی ٹیم میں شرکت متاثر ہوئی۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، جنہوں نے 55 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

محمد شامی نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل جبکہ فروری 2025ء میں انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگال کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ انڈین پریمیئر لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں