‘پنجاب میں فلم سازی کی کھوئی ہوئی رونق بحال ہوگی’، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا لاہور میں فلم سٹی کے قیام کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کی فلم انڈسٹری کو بحال کرنے کے لیے فلم سٹی کے قیام کا بڑا منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کے لیے دو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ 50 ایکڑ پر مشتمل یہ منصوبہ لاہور اور پنجاب میں فلم سازی کی کھوئی ہوئی رونق کو بحال کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر گزشتہ تقریبا دو سال سے فلم سازوں، پروڈیوسرز اور اداکاروں سے مسلسل مشاورت کی جا رہی تھی۔

فلم سٹی میں عالمی معیار کے اسٹوڈیوز، جدید ساؤنڈ اسٹیجز، وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، جبکہ ایک کنونشن ہال اور بزنس کے لیے مربوط تجارتی مرکز بھی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ فلم اور موسیقی کی تربیت کے لیے ایک ادارہ قائم کیا جائے گا، جبکہ شوٹنگ کے لیے بیک لاٹس اور ایک مرکزی جھیل بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ ایمرجنسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دے گا، ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستان کو عالمی سطح پر تخلیقی مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے اسے نوجوانوں اور فنکاروں کے لیے ایک تحفہ قرار دیا اور کہا کہ ان کا وژن پنجاب کو ٹیکنالوجی، جدت، ثقافت اور ورثے کا عالمی مرکز بنانا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 32 فلم سازوں کا انتخاب کیا گیا ہے جنہیں ہر منصوبے کے لیے تین کروڑ روپے دیے جائیں گے، جن میں سے آدھی رقم اسکرپٹ جمع کروانے پر اور باقی فلم مکمل ہونے پر دی جائے گی، جبکہ فلم مکمل کرنے کے لیے ایک سال کا وقت دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی درخواستیں جون میں طلب کی جائیں گی اور پانچ غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے نوجوانوں کے لیے خصوصی فنڈ بھی مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سینما گھروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے تاکہ اخراجات کم ہوں اور مالکان کو ریلیف مل سکے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات پنجاب میں تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مقامی فلم انڈسٹری کو عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں