مریم نواز کا دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی ہونہار اسکالرشپ سکیم کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز شریف  نے دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی ہونہار اسکالرشپ سکیم کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان ان کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سے متعلق ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکنڈ ایئر، تھرڈ ایئر، اور فورتھ ایئر کے طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ سکیم کی باضابطہ منظوری دے دی۔علاوہ ازیں، پنجاب میں طلبہ کو دیے جانے والے لیپ ٹاپس کی تعداد بڑھا کر 1 لاکھ 10 ہزار کر دی گئی ہے۔

لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے کم از کم 65 فیصد نمبروں کی اہلیت مقرر کی گئی ہے، اور یہی معیار دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی لاگو ہوگا۔ مریم نواز نے اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم سے متعلق طلبہ کی سہولت کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 اجلاس کے دوران ،مریم نواز نے کہا کہ، ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ ہر بچے کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تعلیم اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی قوم کا اصل اثاثہ ہے۔ دل چاہتا ہے کہ، ہر بچے کو لیپ ٹاپ ملے، کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا  کہ،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں کے طلبہ ہمارے اپنے بچے ہیں، اور پنجاب کی طرح دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے بھی یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔جو بچہ میرٹ پر آئے گا، اسے کسی اچھے کالج میں داخلے کے لیے فیس کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ فیس حکومت ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ، کسی بھی تعلیمی سکیم میں فنڈز کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، تاکہ ہر مستحق اور ہونہار طالب علم اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔ میں ایک  ماں کی طرح سوچتی ہوں، اور چاہتی ہوں کہ، ہر بچے کی قسمت بدلے۔

اپنا تبصرہ لکھیں