پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے اثرات ایک بار پھر فلمی صنعت پر بھی نظر آ رہے ہیں۔ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں کے خلاف اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں کے کور پیچ اور میوزک البمز سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب پاکستانی فنکاروں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے حملے کی کھل کر مذمت کی۔ اس کے بعد بھارت میں پہلے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی، اور اب میوزک کمپنیوں نے بھی بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی اداکاروں کی تصاویر ہٹانا شروع کر دی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘ کے میوزک البم سے ہٹا دیا گیا ہے، جس میں اب صرف شاہ رخ خان کی تصاویر باقی رہ گئی ہیں۔ اسی طرح فلم ’صنم تیری قسم‘ کے کور پیچ سے ماورا حسین کی تصویر بھی ہٹا دی گئی ہے، جہاں اب صرف ہرش وردھن رانے نظر آ رہے ہیں۔
جب اس حوالے سے ’صنم تیری قسم‘ کے پروڈیوسر دیپیک مکوت سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “مجھ سے نہیں پوچھا گیا، ہماری حکومت جو کہے گی، وہ سب کو تسلیم کرنا پڑے گا۔”
دلچسپ بات یہ ہے کہ سونم کپور اور فواد خان کی فلم ’خوبصورت‘ کے البم میں تاحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا یہ فیصلہ ہر فلم پر لاگو کیا جائے گا یا صرف چند مخصوص پروجیکٹس تک محدود رہے گا۔