جعفر ایکسپریس کےتمام یرغمالی مسافربازیاب ، سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 33 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ )آئی ایس پی آر( کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے تصدیق کی ہے کہ، جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالی مسافر بازیاب کرالیے گئے ہیں، جبکہ آپریشن کے دوران تمام 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل، احمد شریف کے مطابق، 11 مارچ کو بلوچستان کے علاقے، بولان میں دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کو روکنا پڑا۔ ٹرین میں تقریبا440 مسافر سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ دہشتگردوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ علاقہ دشوار گزار پہاڑی خطہ ہے، جس کی وجہ سے فورسز کے لیے آپریشن ایک پیچیدہ مرحلہ تھا۔ دہشتگردوں نے مسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور بعض خودکش بمباروں کو بھی ان کے درمیان بٹھا دیا، تاکہ فورسز پر حملے کی صورت میں بڑے پیمانے پر نقصان ہو۔
انہوں نے مزید بتایاکہ، جیسے ہی حملہ ہوا، پاک فوج، ایئر فورس، فرنٹیئر کور (ایف سی)، اور ایس ایس جی کمانڈوز نے مل کر آپریشن شروع کیا۔سب سے پہلے سنیپرز نے ٹارگٹڈ ایکشن کرتے ہوئے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔اس کے بعد، مرحلہ وار بوگی سے بوگی کلیئرنس کی گئی۔آخر کار، تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور یرغمالیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے تصدیق کی کہ، آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم، آپریشن سے قبل دہشتگردوں کی بربریت کے نتیجے میں 21 بے گناہ مسافر شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ، ایف سی کے چار جوان بھی شہید ہوئے، جن میں سے تین کو آپریشن سے پہلے قریبی چوکی پر دہشتگردوں نے نشانہ بنایا، جبکہ ایک اہلکار آپریشن کے دوران شہید ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ، آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے کی مزید کلیئرنس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے جاری ہے، تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ، آپریشن کے دوران جو مسافر بھاگ کر دائیں بائیں کے علاقوں میں چلے گئے تھے، انہیں بھی محفوظ طریقے سے واپس لایا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ، پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی کہ، وہ عام شہریوں کو نشانہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ، جعفر ایکسپریس کے اس واقعے نے گیم کے رولز تبدیل کر دیے ہیں، اور اس طرح کے حملے اب مزید برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ، یہ دہشتگرد نہ تو اسلام کے نمائندے ہیں، نہ پاکستان کے اور نہ ہی بلوچستان کے۔ ان کا مقصد صرف ملک میں بدامنی پھیلانا اور دشمن طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی میڈیا پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ، جیسے ہی واقعہ ہوا، چند منٹوں کے اندر بھارتی میڈیا نے گمراہ کن رپورٹنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ، بھارتی میڈیا نے پرانی تصاویر، ایڈٹ شدہ ویڈیوز، اور حتیٰ کہ، مصنوعی ذہانت (AI) سے بنائی گئی ویڈیوز نشر کیں، تاکہ واقعے کو مسخ کیا جا سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ، افسوس کی بات یہ ہے کہ ،ملک کے اندر کچھ سیاسی عناصر بھی ایسے مواقع پر سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کرتے ہیں اور ریاست کے بجائے اپنی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ، عوام اب ان عناصر کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں اور وہ قومی مفاد کو نقصان پہنچانے والوں کو مسترد کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں