اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی، پانچ غیر ملکی شہری بھی گرفتار

پاکستان کے دارالحکومت، اسلام آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے 65 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں پانچ غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

یہ چھاپہ اتوار کے روز اسلام آباد کے جی-10 مرکز میں مارا گیا جہاں سے گرفتار ہونے والوں میں 60 پاکستانی مرد و خواتین بھی شامل ہیں۔

ایجنسی کے ترجمان کے مطابق، یہ افراد غیر قانونی طور پر کال سینٹر چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

این سی سی آئی اے نے اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ، ان افراد کو سہولیات فراہم کرنے والے یا ان کی سیکیورٹی کا بندوبست کرنے والے عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل 8 جولائی کو بھی فیصل آباد کے علاقے شاہ کوٹ میں ایسی ہی ایک کارروائی کے دوران 71 غیر ملکیوں سمیت 149 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار شدگان میں 48 چینی، آٹھ نائجیرین، چار فلپائنی، دو سری لنکن، چھ بنگلہ دیشی، دو میانمار کے اور ایک زمبابوے کا شہری شامل تھا۔ اس کارروائی میں 18 خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں