بھارتی کپتان اور بلے باز روہت شرما کے حوالے سے یہ کہا جارہا تھا کہ وہ چیمپینز ٹرافی کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے، دراصل روہت شرما اڑتیس سال کے ہونے والے ہیں اور ان کی کارکردگی میں بھی بہت فرق آیا ہے، ٹیسٹ میچوں میں وہ مسلسل ناکام رہے ہیں جبکہ ون ڈے میں بھی خاصے عرصے کے بعد چیمپینز ٹرافی سے پہلے ایک میچ میں سنچری بنائی، چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں روہت شرما نے رنز کئے، مگر وہ اپنی بہترین فارم میں نہیں۔
انڈین سلیکشن کمیٹی اور کوچ گوتم گمبھیر انڈیا میں دو سال کے بعد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لئے ٹیم اور نیا کپتان تیار کرنا چاہتے ہیں ، ایسا کپتان جو دو سال کے بعد یقینی طور پر کھیل سکے اور اپنا بہترین کھیل پیش کرے۔ کہا جاتا ہے کہ اجیت اگرکار اور گوتم گمبھیر نے روہت شرما سے یہ پلان شیئر بھی کیا ہے ۔
گزشتہ رات توقع تھی کہ شائد چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد روہت شرما ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں۔ روہت نے ایسا نہیں کیا اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ میں ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہا، تاہم مستقبل کا بھی کوئی پلان نہیں، جو چل رہا ہے چلتا رہے۔
اس سے یہ اشارہ ملا کہ ممکن ہے کچھ عرصے بعد روہت شرما کپتانی چھوڑ دیں اور ایک عام کھلاڑی کے طور پر یہ سال ون ڈے کرکٹ کھیلتے رہیں۔