بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے انگلینڈ کی سرزمین پر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
یہ کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب مہمان ٹیم نے پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد بھارت کو سیریز میں 1-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔
اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بھارتی اسپنرز کی شاندار بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور محض 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پوری اننگز کے دوران انگلش ٹیم صرف 8 چوکے لگا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز شفیعہ ورما اور اسمرتی مندھانا نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے ابتدائی چار اوورز میں ہی 9 چوکے جڑ دیے۔ دونوں نے سات اوورز میں 56 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے کامیابی کی بنیاد رکھ دی۔
بھارت نے 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا کر میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔
یہ بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ میں ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قبل 2022 میں بھی بھارت نے میزبان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کی تھی۔