دہلی کی وزیر اعلیٰ نے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کر دیا

بھارتی ریاست دہلی کی وزیراعلیٰ اتیشی مارلینا نے اگلے انتخابات کے لیے چندہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اتیشی مارلینا نے فروری میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کراؤڈ فنڈنگ مہم شروع کی ہے، جس میں عوام سے عطیات کی اپیل کی جا رہی ہے۔

اب تک 422 ڈونرز نے 18 لاکھ 56 ہزار بھارتی روپے عطیہ کیے ہیں، جب کہ وزیراعلیٰ کا ہدف 40 لاکھ روپے جمع کرنے کا ہے۔ اس حوالے سے اتیشی مارلینا نے کہا کہ “لوگوں نے عام آدمی پارٹی کی ایماندارانہ سیاست کو سپورٹ کرنے کے لیے پیسہ دیا ہے۔ ہم انتخابات کے لیے بڑے سرمایہ داروں سے فنڈ نہیں لے رہے، بلکہ عام آدمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔”

ریاست دہلی میں موجودہ حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد 5 فروری کو انتخابات ہوں گے، اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کجریوال کے جیل سے رہا ہونے کے بعد وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے پر، اتیشی مارلینا کو ان کی جگہ وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں